water spring kids story

جوانی کا چشمہ
 
water spring-kids story

بوڑھا لکڑ ہارا اور جادو کا چشمہ

پرانے وقتوں میں ایک بوڑھا اور ایک بوڑھی پہاڑوں میں رہتے تھے . بوڑھا آدمی ایک لکڑہارا تھا اور اس کی بیوی ایک گھریلو خاتون تھی ۔ دونوں نے اپنی زندگی ہنسی خوشی گزاری تھی لیکن دونوں کی کوئی اولاد نہ تھی جس کی وجہ سے کبھی کبھی پریشان بھی ہو جایا کرتے تھے۔ ایک دن بوڑھا لکڑہارا جنگل میں لکڑیاں کاٹنے کےلیے گیا  تو وہاں پر راستہ بھٹک گیا۔ کئی گھنٹے  راستہ تلاش کرتے ہوئے وہ بری طرح تھک گیا اور اسے پیاس ستانے لگی۔ پیاس کی شدت اسے  ایک چشمے طرف لے گئی جو دو درختوں کے درمیان بہہ رہا تھا۔  پانی دیکھتے ہی بوڑھا چشمے کی طرف بھاگا اور بے تحاشہ پانی پینے لگ گیا۔ جب وہ پانی پی رہا تھا تو شفاف پانی میں اپنا عکس دیکھ کر  وہ حیران رہ گیا کیونکہ وہ بالکل نوجوان لگ رہا تھا۔ وہ اس بات پر خوش تھا کہ اس نے نوجوانی کا چشمہ دریافت کرلیا ہے۔ یہ بات بتانے کے لیے وہ اپنے گھر کی طرف  بھاگا تاکہ  اپنی بیوی کو بھی یہ بات بتا سکے۔  جیسے ہی وہ گھر پہنچا تو اس کی بیوی اسے نہ پہچان سکی۔ کچھ دیر بعد جب اس کی بیوی نے پہچان لیا تو اس نے بھی اس  پانی پینے کی خواہش ظاہر  کی تاکہ وہ بھی دوبارہ نوجوان نظر آسکے۔ یہ سن کر بوڑھےلکڑ ہارے  نے بیوی کا ہاتھ پکڑا اوراسے چشمے پر لے گیا۔ جیسے ہی وہ چشمے پر پہنچے تو بوڑھی عورت  نوجوان بننے کے چکر میں بہت زیادہ پانی پی گئی اور ایک چھوٹی بچی میں تبدیل ہوگئی۔ بوڑھے لکڑہارے نے جب یہ دیکھا تو اسے بہت افسوس ہوا پھر اس نے اپنی ننھی بیوی کو اٹھایا اور گھر کی طرف چلا گیا.